ممبئی، 20دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) شیوسینا نے اتراکھنڈ حکومت کے مسلم ملازمین کو جمعہ کی نماز کے لئے ڈیڑھ گھنٹے کی چھٹی دینے کے فیصلے کے لئے ریاست کی کانگریس حکومت کی آج تنقید کی اور سوال کیا کہ کیا ہندوؤں کو بھی ایسی ہی مراعات ملیں گی۔این ڈی اے حلیف شیوسینا نے الزام لگایا کہ یہ فیصلہ صرف سیاسی فوائد لینے کے لئے ہے۔پارٹی نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو اس پر غور کرنا چاہئے کیونکہ ریاست میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔شیوسینا کے ترجمان اخبار ”سامنا“میں شائع ایک اداریے میں کہا گیا ہے کہ اتراکھنڈ میں انتخابات قریب ہیں اور اگر حکومت نے مسلم ووٹروں کولبھانے کے لئے یہ فیصلہ کیا ہے تو الیکشن کمیشن کو ریاستی حکومت کے فیصلے پر غور کرنا چاہئے۔پارٹی نے کہا کہ اگر مسلمانوں کو نماز کے لئے چھٹی دی جا سکتی ہے تو ویسی ہی سہولت ہندو ملازمین کو بھی ان کی پوجا ارچناکے لئے مہیا کرائی جانی چاہئے،مذہب کے نام پر سرکاری ملازمین کو خصوصی سہولیات فریب کا اشارہ ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے فضائیہ کے ایک افسر کے معاملے میں صاف کہا ہے کہ سرکاری کاموں کے لئے مذہبی سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی،اس کے بعد بھی اتراکھنڈ حکومت نے یہ فیصلہ کیا۔